Friday, April 26, 2024

سندھ پولیس کے بہادر سپوت چوہدری اسلم کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے

سندھ پولیس کے بہادر سپوت چوہدری اسلم کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے
January 9, 2017

کراچی (92نیوز) نوجنوری 2014 کو آج ہی کے دن سندھ پولیس کا ایک بہادر باب ہمیشہ کیلئے بند ہو گیا، دہشت گرد حملے میں 2 محافظوں سمیت شہید ہونے والے چوہدری اسلم کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی سے ایس ایس پی تک کا سفر طے کرنے والے شہید چوہدری اسلم کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیلئے خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

نوے کی دہائی میں کراچی آپریشن سے نام بنانے والے چوہدری اسلم کو ہمیشہ مشکل حالات میں مشکل ٹاسک دیا جاتا رہا اور یہی وجہ تھی کہ شہید آفیسر دہشت گردوں پر ضرب لگانے میں مہارت رکھتا تھا۔ صولت مرزا کی گرفتاری، انڈر ورلڈ ڈان شعیب خان، لیاری گینگ وار کے سرغنہ رحمان ڈکیت سمیت درجنوں خطرناک اور نامور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہچانے میں چوہدری اسلم پیش پیش رہے۔

چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم کہتی ہیں کہ شہید کے بیٹے بھی پرعزم ہیں۔ بیٹوں کو دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی تربیت دلوا رہی ہوں۔ شیہد چوہدری اسلم کے ساتھ کام کرنے والے پولیس افسران بھی انکی بہادری کے گن گاتے ہیں۔ ایس ایس پی ناصر آفتاب کا کہنا ہےکہ پولیس کے پاس شہید اسلم جیسا دوسرا کوئی افسر نہیں۔ شہید چوہدری اسلم کی آج تیسری برسی کے موقع پر سندھ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔