Thursday, May 9, 2024

سندھ پولیس کی چھاپہ مار کارروائی، کمسن بچی اور ماں سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار، ساتھی ہلاک

سندھ پولیس کی چھاپہ مار کارروائی، کمسن بچی اور ماں سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار، ساتھی ہلاک
November 14, 2020
کشمور (92 نیوز) سندھ پولیس کو ملی بڑی کامیابی، چھاپہ مار کارروائی کے دوران ضلع کشمور میں کمسن بچی اور اس کی والدہ کو زیادتی کا نشانے بنانے والے مرکزی  ملزم خیر اللہ بگٹی کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی رفیق مارا گیا۔ سندھ کے ضلع کشمور میں کمسن بچی اور اسکی والدہ کے ساتھ زیادتی  کی لرزہ خیز واردات میں ملوث گرفتار ملزم رفیق مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ مرکزی ملزم خیر اللہ بگٹی قانون کی گرفت میں آ گیا۔ ڈی آئی جی ناصر آفتاب کے مطابق گرفتار ملزم رفیق کی نشاندہی پر مرکزی ملزم خیر اللہ کی گرفتاری کیلئے بخشا پور کے علاقے میں کارروائی کی اس دوران پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزم خیر اللہ نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ملزم رفیق موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ واقعہ کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے، بچی کی آہیں اور اس کی ماں کی سسکیوں سے ملزم کیفر کردار تک پہنچ گیا جس پر پولیس  کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اُدھر زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کو لاڑکانہ میں علاج کی ناکافی سہولیات کے باعث ڈاکٹرز کی نگرانی میں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ماہر ڈاکٹرز بچی کا علاج کریں گے۔ دوسری جانب مشیر قانون سندھ مرتضی وہاب  نے وحشیانہ عمل میں ملوث ملزم کی گرفتاری کیلئے غیر معمولی قدم اٹھانے پر پولیس اہلکار محمد بخش اور انکی بیٹی کے لیے قومی اعزاز اور دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔