Friday, May 3, 2024

سندھ پر کوئی ادارہ یا وفاقی حکومت حملہ آور نہیں  : چودھری نثار

سندھ پر کوئی ادارہ یا وفاقی حکومت حملہ آور نہیں  : چودھری نثار
December 14, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے اپنی غلط کاریاں چھپانے کیلئے سندھ اور پاکستان کی سیاست کو ڈھال بنا رکھا ہےکوئی ادارہ ان کی جواب طلبی کر تا ہے تو یہ اسے سندھ پر حملے سے تشبیہہ دیتے ہیں۔  اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ پر کوئی ادارہ یا وفاقی حکومت حملہ آور نہیں بلکہ سند ھ پر حملہ آور تو وہ لوگ ہیں جو گذشتہ کئی سالوں سے سندھ کی زمینوں ، وسائل اور اس کی دولت پر قابض ہیں اور انہیں دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ای او بی آی کیس سے لیکر ٹی ڈی سی پی سوئی گیس کمپنی سے لیکر پی آئی اے تک ان کی کارستانیوں  اور کارگزاریوں پر مبنی انکوائر ی رپورٹس اور عدالتوں کے سامنے کیسز پر کتابیں لکھی جا سکتی ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ انہوں نے حج اور عمرہ کو بھی نہیں بخشا۔ پاکستان شاید وہ واحد ملک ہے کہ جہاں ان کے دورِ اقتدار میں حج اور عمرہ کے حوالے سے بدترین کرپشن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ  ذاتی طور پر لیکچر سنانے والی شخصیت کی پچھلے ڈھائی سال کی کارکردگی اور کردار اگر بیان کر دوں تو یہ منہ چھپاتے پھریں گے۔ اسمبلی میں حکومت پر ایک زبان سے تنقید اور دوسری طرف اسی زبان سے خاموشی سے حکومت سے بھرتیاں، تبادلے، ایکسٹینشن، مراعات اور مفادات لینے والوں کے کردار کے بارے میں میں کیا کہوں۔ ان مراعات اور نوازشوں کی اتنی لمبی لسٹ ہے کہ اس سے فیلڈ مارشل ایوب خان کے دور کے کچھ مخصوص اپوزیشن لیڈران کی یاد تازہ ہو تی ہے جو حکومت مخالف بھی تھے اور اپنے مفاد کی خاطر حکومت کے ساتھ بھی تھے۔ میں اپنے بارے میں صرف اتنی وضاحت ضروری سمجھتا ہوں کہ بطور اپوزیشن لیڈر اپنے پانچ سالوں میں قریبی ذاتی تعلقات ہونے کے باوجود کسی ایک کام کیلئے بھی میں نہ وزیرِاعظم گیلانی کے پاس گیا اور نہ ہی راجہ پرویز اشرف کے اور اسکے دونوں حضرات گواہ ہیں۔