Sunday, September 8, 2024

سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹوں کا ہیرپھیر

سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹوں کا ہیرپھیر
January 23, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں ہونے والا ایک اور فراڈ کیس سامنے آ گیا۔ ادارے کے ملازمین کو سابق سیکرٹری کے جعلی دستخطوں پر اربوں روپے کے الاٹ کئے گئے پلاٹس افسران نے خود ہی خرید لئے۔ تفصیلات کے مطابق 92نیوز مزدوروں کے ساتھ فراڈ اور جعلی سازی کا ایک اور کیس سامنے لے آیا۔ محاورہ مشہور ہے کہ آم کے آم گٹھلیوں کے دام اور اس محاورے پر عمل کررہے ہیں سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے افسران۔ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری سمیت دیگر افسران نے جعلی فائلیں بناکر ملازمین کو 26 سے زائد پلاٹ الاٹ کرڈالے اور بعد میں کوڑیوں کے مول الاٹ شدہ پلاٹ خود ہی خرید لئے۔ ذرائع کے مطابق مزدوروں کے ساتھ ہیراپھیری کرنے والے افسران میں ادارے کے ڈپٹی سیکرٹری مطلوب احمد‘ ایڈمن ڈائریکٹر سلمان احمد‘ منتخب عالم اور مظاہر ملوث بتائے جاتے ہیں جنہوں نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے سابق اور مرحوم سیکرٹری محب حبیب کے جعلی دستخطوں پر ادارے کے نادرمسیح‘ جہانگیر مسیح سمیت دیگر ملازمین کو پلاٹ جاری کئے۔ خاکروبوں سمیت گریڈ چار سے دس تک کے ملازمین کو رشید آباد میں چھبیس پلاٹ الاٹ کئے گئے جن کی مالیت اربوں روپوں میں ہے ۔ ریکارڈ کے مطابق سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے افسران کے فراڈ پر لیبر یونین نے تحقیقات کے لیے صوبائی اینٹی کرپشن عدالت سے رجوع کر لیا۔