Friday, April 19, 2024

سندھ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی دوسرے روز بھی برقرار

سندھ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی دوسرے روز بھی برقرار
February 14, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں ینگ ڈاکٹروں نے آج دوسرے دن بھی او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیا ہواہے  ، مریض آرہے ہیں لیکن ڈاکٹر ان کا علاج نہیں کررہے پریشان حال مریضوں کا کہناہےکہ ڈاکٹراپنے مطالبات کے لئے ان کی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔ سندھ کےسرکاری ینگ ڈاکٹروں کی ہٹ دھرمی برقرار  ہے ، آج دوسرے دن بھی اوپی ڈیز کا بائیکاٹ کیاہواہے۔ دوردراز علاقوں سے مریض اسپتال پہنچ رہے ہیں۔لیکن کوئی ڈاکٹر ان کاچیک اپ نہیں کررہاہے۔ مریض اور ان کے رشتے داردہائیاں دیتے رہے لیکن کسی نے نہ سنی۔ ینگ ڈاکٹروں کا یہی کہناہےکہ تنخواہیں اور مراعات میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری ہوگا تب ہی مریضوں کا چیک اپ کریں گے۔ معاملہ ڈاکٹروں اور سندھ حکومت کا ہے لیکن مصیبت مریضوں کو اٹھانا  پڑ رہی ہے۔ حیدر آباد میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کا صبر جواب دے گیا، اسپتال آنےوالے افراد نے ٖہڑتالی ڈاکٹرز کے سامنے احتجاج کیا ۔ سکھر میں بھی صورتحال مختلف نہیں ،اوپی ڈیز بند ہونے کے باعث مریضوں کو کوفت کاسامنا ہے۔ مریضوں کی پریشانی بڑھتی جارہی ہے مگر ڈاکٹرز ٹس سے مس ہورہے ہیں نہ  ہی  حکومت کی جانب سے اقدامات نظر آرہے ہیں ۔ ٹنڈوالہ یار اور نوشہروفیروز سمیت سندھ کے  مختلف شہروں میں ڈاکٹرز مطالبات کے حق میں ہڑتال پر ہیں ۔