Sunday, May 19, 2024

سندھ میں گیس کا بحران پھر سر اٹھانے لگا،پریشر کی کمی سے گھریلو صارفین بھی متاثر

سندھ میں گیس کا بحران پھر سر اٹھانے لگا،پریشر کی کمی سے گھریلو صارفین بھی متاثر
December 29, 2018
کراچی ( 92 نیوز) سردی کی شدت کے ساتھ ہی سندھ میں گیس کا بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ، جبکہ گیس کے کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔ کراچی میں سی این جی استیشنز کی ہفتہ وار بندش سے  سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث دفاتر اور اسکول جانے والے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں دوسری جانب رکشہ ڈرائیور اور ٹرانسپورٹ مالکان بھی شکوہ کناں ہیں کہ  پٹرول کے مہنگے نرخوں کے باعث سواریوں سے تکرار معمول ہے ۔ کراچی میں گیس پریشر  کے باعث مشکلات سے گھریلو صارفین بھی محفوظ نہیں ، صبح اور شام کے اوقات میں  گیس پریشر میں کمی کے باعث کھانا بنانا تقریباً نہ ممکن ہو چکا ہے ۔ کراچی کے علاقے لیاری، کھارادر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور لانڈھی سمیت کئی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے ۔  خواتین کا کہنا ہے گیس کا بل ہر مہینے پابندی کے ساتھ بھیج دیا جاتا ہے، لیکن گیس فراہمی کیلئے کوئی پابندی نہیں ۔ گیس کی کمی کے باعث صنعتکاروں نے بھی کل سے کارخانے بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے ، صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صنعتوں کا پہیہ چلنا نا ممکن ہے ، کل تک صورتحال میں بہتری نہ آئی تو صنعتوں کا پہیہ جام کر دیا جائے گا۔