Wednesday, April 24, 2024

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 11 کیسز سامنے آئے ہیں ، وزیر اعلیٰ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 11 کیسز سامنے آئے ہیں ، وزیر اعلیٰ
March 16, 2020

کراچی ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ  سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 11 کیسز سامنے آئے ہیں ، سکھر میں زائرین کو ایک جگہ رکھا ہوا ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے  کہا کہ تفتان سے آنیوالے زائرین  کو ایک ہی جگہ رکھا گیا ،  لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے سے منع کیا گیا مگر لوگ ایک دوسرے سے ملنا شروع ہو گئے ، پہلے دن توڈسپلن قائم رہا مگر دوسرے ہی روز ٹوٹ گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکھر میں موجود زائرین سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ، خطرہ وہ لوگ ہیں جو نکل چکے ہیں ۔ جن فلیٹس میں متاثرین کو رکھا گیا ہے اسکے باہر رینجرز اور پولیس کا پہرہ ہے ۔ وائرس ہاتھ ملانے یا چھینکنے سے  دوسرے شخص میں جاتا ہے ، متاثرہ شخص کو کسی قسم کی دوائی نہیں دی جائیگی  اگر کسی کو سر درد یا کھانسی ہے تو صرف اسی کو دوا دینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تفتان سے آنے والے لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ،آغا خان لیبارٹری سے مزید 23 لوگوں کے ٹیسٹوں کے نتیجے آئے ہیں جن میں 11افراد کے ٹیسٹ مثبت جب کہ 12 کے منفی ہیں ۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص سے تین تا چار فٹ فاصلہ رکھا جائے تو  آپ متاثر نہیں ہوں گے ۔