Friday, May 3, 2024

سندھ میں کورونا وائرس کا ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں کی جان لینے کا سلسلہ جاری

سندھ میں کورونا وائرس کا ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں کی جان لینے کا سلسلہ جاری
June 3, 2020

کراچی ( 92 نیوز ) سندھ میں کورونا وائرس نے ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں کی جان لینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے  ،آج بھی 2 ڈاکٹر، ایک کمانڈو سمیت 2 پولیس جوان اور جامعہ اردو کے ملازم کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد شہید ہوگئے ۔

کورونا وائرس کے حملے جاری  ہیں ، فرنٹ لائن سولجرز بھی وائرس کا شکار  ہے ، سندھ میں عالمی وباء نے 2 ڈاکٹروں کی زندگیوں کے چراغ گُل کردیے ۔

سول اسپتال کراچی کے سابق ایڈیشنل میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر ظہورشیخ اور خیر پور سول اسپتال کے اے ایم ایس ، ڈاکٹر شفقت کورونا وائرس سے شہید ہوگئے ، ڈاکٹر ظہورشیخ نجی اسپتال میں پریکٹس کررہے تھے، اور کئی دن  سے کورونا کا شکار تھے ۔

خطرناک وائرس نے فرنٹ لائن پر موجود پولیس اہلکاروں کو بھی نہیں چھوڑا  اور مزید 2 جوانوں کی جان لے لی ۔ ایس آئی یو کا کمانڈو راشد دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا  جبکہ ضلع وسطی کے شعبہ ٹیلی کمیونی کیشن میں فرائض انجام دینے والا اہلکار حسن رضا بھی شہید ہوگیا  ۔

وفاقی جامعہ اردو کے لیب اسسٹنٹ بھی کورونا سے شہید ہوگئے  ، سید توقیرعلی میں چند دن پہلے وائرس کی تشخیص ہوئی تھی  ، جامعہ اردو میں غیرتدریسی دفاتر یکم جون کو کھول دیے گئے تھے جس کے باعث اساتذہ اور ملازمین بھی خوفزدہ ہوگئے  ۔