Friday, April 19, 2024

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کی شرح بڑھنے لگی

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کی شرح بڑھنے لگی
April 19, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کی شرح بڑھنے لگی ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8افراد انتقال کرگئے ، جس کے بعد سندھ بھر میں اموات کی تعداد 56 جبکہ متاثرین کی تعداد 2 ہزار 537 ہو گئی ۔ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگاہے۔

کورونا کی عالمی وبا کے وار جاری  ہیں جس نے سندھ کو بھی نہ بخشا ، سندھ  میں آج  مزید 8 مریض جاں بحق ہو گئے ، صوبے میں مزید 182افراد میں  کورونا وائرس  کی تصدیق ہو گئی  جس کے بعد کل تعداد 2537ہوگئی ۔

لیاری ، نیو کراچی لانڈھی کے علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی کے چھ اضلاع سمیت  دیہی سندھ سے بھی کورونا کیسز رپورٹ ہوئے  جبکہ عمان سے آنیوالے 176میں سے 170مسافروں کے ٹیسٹ منفی آئے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کے مطابق دیگر صوبوں کے مقابلے  میں سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد زیادہ ہے سندھ میں دس لاکھ پر 12جبکہ خیبرپختونخوا میں 4ٹیسٹ کیے گئے ۔

سندھ میں 24ہزار 458 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں اوروائرس سے متاثرہ افراد کی نصف سے زائد تعداد لوکل ٹرانسمیشن سے متاثر ہوئی۔