Saturday, May 11, 2024

سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات، ہائیکورٹ نے صورتحال غیر تسلی بخش قرار دیدی

سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات، ہائیکورٹ نے صورتحال غیر تسلی بخش قرار دیدی
April 13, 2021

کراچی (92 نیوز)سندھ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے عوام کے زخمی ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا، سندھ ہائی کورٹ نے صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دے کر آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ، جبکہ بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر اور ضلع انتظامیہ کے نمائندوں کو بھی طلب کرلیا ۔

سندھ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات اور ویکسین سے متعلق درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی عدالت نے صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سمیت کراچی کی تمام ضلعی اور کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کو طلب کر لیا ۔

دوران سماعت جسٹس امجد سہتو نے ریمارکس دیے کہ صوبے میں بچے آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زندگی بھر کیلئے اپاہج ہو رہے پتہ نہیں یہاں کیا ہو رہا جسٹس محمد علی مظہر نے سندھ حکومت کے وکیل سے کہا بتائیں کیا کرنا چاہیے یا پھر ہم آرڈر کریں اور سب کو بلائیں ۔

وکیل نے جواب دیا کہ فوری حل تو کتوں کی کلنگ ہے لیکن اس کلنگ سے سپریم کورٹ نے منع کر رکھا ہے ۔عدالت میں سندھ حکومت کی جانب سے سگ گزیدگی کے واقعات پر رپورٹ بھی جمع کرائی گئی عدالت نے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ سمیت کتوں کےکاٹنے کے واقعات کو کنٹرول کرنے سے متعلق تجاویز بھی پیش کی جائیں جس کے بعد کیس کی مزید سماعت چھ مئی تک ملتوی کردی گئی۔