Wednesday, May 8, 2024

سندھ میں کتوں کی بھرمار، عدالت کا ٹاسک فورس بنانیکا حکم

سندھ میں کتوں کی بھرمار، عدالت کا ٹاسک فورس بنانیکا حکم
October 22, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر میں کتوں کی بھرمار سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو ٹاسک فورس بنانے کا حکم دے دیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ اگر 16 ہزار ویکسینز ہیں تو کہاں ہیں، ہمیں تو کوئی رزلٹ نظر نہیں آتا۔ زبانی بیانات سے کام نہیں چلے گا۔ جس کے علاقے میں واقعہ پیش آئے گا وہاں کا ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوگا۔ سیکرٹری صحت نے عدالت کو بتایا کہ 313 اسپتالوں میں ویکسین فراہم کی جا رہی ہیں۔ سیکرٹری بلدیات نے سندھ ہائیکورٹ کو بتایا کہ مسئلہ حل کرنا ڈی ایم سیز کی ذمہ داری ہے ۔۔ جبکہ حال ہی میں شرقی کے علاوہ تمام اضلاع کو 2،2 کروڑ روپے گاڑیوں کیلئے دیئے ہیں ۔۔ کتوں کی افزائش روک کر آوارہ کتوں پر قابو پایا جائے گا ۔۔ سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ نے بتایا کہ ترکی ماڈل فالو کررہے ہیں جلد منصوبہ مکمل ہوجائے گا جبکہ ابراہیم حیدری میں پروجیکٹ کے دوران ہزاروں کتوں کو انجکشن لگائے گئے ہیں ۔ میونسپل کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ 500 ویکسینز موجود ہیں ۔ عدالت نے اسپتالوں میں ویکسین ملنے کی گارنٹی مانگی تو سیف الرحمان نے گارنٹی دینے سے انکار کردیا اور بتایا کہ اکتوبر میں 176 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس لیے ویکسین کم ہیں۔ عدالت نے سندھ حکومت کو تمام اضلاع میں کتے کے کاٹنے کی ویکسینز فراہم کرنے کا حکم دیا اور میونسپل کمشنر کراچی کو مزید ویکسینز کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تمام ڈی ایم سیز گاڑیاں کرائے پر حاصل کریں یا کچھ بھی کریں آوارہ کتوں کیخلاف مہم تیز کی جائے۔