Thursday, March 28, 2024

سندھ میں کاروبار نہ کھلنے پر تاجر پریشان

سندھ میں کاروبار نہ کھلنے پر تاجر پریشان
April 26, 2020

کراچی ( 92 نیوز ) سندھ میں کاروبار نہ کھلنے پر تاجر پریشان  ہو گئے ، تحریک انصاف نے سندھ حکومت کی پالیسیوں پرشدید تنقید کر ڈالی ، خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو دیوار سے لگارہی ہے، ادھر بھتہ وصولی کی جعلی آڈیو کے معاملے پر سندھ حکومت نے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا۔

سندھ میں کاروبار نہ کھلنے پر تاجر پریشان ہیں ،  خرم شیر زمان نے کہا کہ  سندھ حکومت کراچی کو دیوار سے لگارہی ہے، تاجروں کےساتھ رویہ مناسب نہیں،آن لائن کاروبار کی اجازت صرف  بے وقوف بنانے کی کوشش ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے،وزرا مارکیٹوں کارخ کیوں نہیں کرتے، سندھ حکومت کے پاس مسائل سے نکلنے کا کوئی  حل نہیں ہے۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت  نے تاجروں سے بھتہ وصولی کی جعلی آڈیو کے خلاف ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ،مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ پر الزام تراشی من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ ہے ، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے ذریعے بے بنیاد آڈیو ٹیپ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صنعتکار برادری خود ایسے ہتھکنڈوں کی تردید کرچکے ہیں، سندھ حکومت کی سچائی اور نیت کو مشکوک بنانے کی کوشش کرنے والے ناکام ہونگے۔ اس نازک ترین موڑ پر کوئی لغو اور بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے ، کسی کے پاس ثبوت ہیں تو پیش کرے ہم کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہیں۔