Thursday, May 9, 2024

سندھ میں کاروبار آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے ، تاجر رہنماؤں کی پریس کانفرنس

سندھ میں کاروبار آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے ، تاجر رہنماؤں کی پریس کانفرنس
June 2, 2021

کراچی (92 نیوز) تاجر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سندھ میں کاروبار آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا ہے تاجروں کی تکالیف کا احساس ہے مگر عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کئے۔ کیسز میں کمی پر نرمی کر دی جائے گی۔

کراچی کے تاجر رہنماوں کی تحریک انصاف کے رہنماوں کے ساتھ پریس کانفرنس ہوئی۔ انہوں نے کہا  کورونا ایس اوپیز کے نام پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ کھولنے کے لئے بھتہ مانگا جاتا ہے۔ سندھ حکومت پولیس اور ضلعی انتظامیہ کاروباری برادری پر ظلم کر رہی ہے۔

تاجر رہنماوں نے کہا کہ انہوں نے گینگ وار کا مقابلہ کیا تھا۔ سندھ حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے۔

قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے تاجروں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مال بٹورنے کے لئے شام چھ بجے کے بعد لاک ڈاون کے ساتھ کاونٹ شروع ہوتا ہے۔ پولیس گردی کے ذریعے تاجروں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ سازشی لوگ چاہتے ہیں کہ کراچی سے کم ٹیکس جمع ہو۔

پی ٹی آئی رہنماوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت نے ریاست کے اندر ریاست بنا لی۔ وفاق چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس کو فارغ کر دے۔

کراچی کے تاجروں اور سندھ حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کے نام پر مزید زیادتی برداشت نہیں ، الٹی میٹم کے بعد فیصلوں کا اعلان کرینگے۔