Friday, March 29, 2024

سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کلاسز پچاس فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئیں

سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کلاسز پچاس فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئیں
June 15, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کلاسز پچاس فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئیں۔ اسکولوں کے عملے کی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی۔

ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کیلئے بھی کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا تھا جس میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز آج سے پچاس فیصد حاضری کیساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کورونا کیسز مزید کم ہوئے تو پرائمری کلاسز بھی اکیس جون سے شروع کر دی جائینگی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب دو دن کے بجائے صرف ایک دن اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔ اب جمعے سمیت باقی دنوں میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جاری کسی کام میں کوئی کرپشن یا نااہلی برداشت نہیں کرینگے۔ کورونا مثبت کیسز کی شرح چار اعشاریہ پانچ فیصد پر آگئی ہے۔ اسپتالوں پر اب کچھ دباؤ کم ہوا ہے۔