Thursday, May 9, 2024

سندھ میں نرسری تا چھٹی کلاسز کیلئے بھی اسکول کھل گئے

سندھ میں نرسری تا چھٹی کلاسز کیلئے بھی اسکول کھل گئے
September 28, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگیا  اور صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول نرسری سے چھٹی کلاس تک کے طلبہ کیلئے بھی کھل گئے ،طلبہ گھروں سے ہی ماسک پہن کر آئے اور اسکولوں میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد دیکھا گیا ۔

سندھ  میں تمام نجی و سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال  ہو گئیں ، 6 ماہ بعد نرسری سے آٹھویں جماعت کی کلاسوں کا بھی آغاز ہوگیا  ، بچے ماسک پہنے اسکول پہنچے، جہاں اسکول میں داخل ہونے سے  پہلے ایس او پیز پر عمل کیا گیا  ، بچوں کا ٹمپریچر چیک کیا گیااور سینی ٹائزر سے ہاتھ بھی صاف کروائے گئے ۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، تدریسی عمل کے ساتھ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے سماجی فاصلے کا خیال رکھا جارہا ہے اور طلبہ بھی گھر سے ماسک پہن کر اسکول پہنچے، جہاں سینیٹائزر سے ہاتھ صاف  کیے ۔

سکھر میں بھی طویل مدت بعد تدریسی عمل بحال ہوگیا اور ایس او پیز کے تحت تمام اسکول کھل گئے اور طلبہ کو سماجی فاصلوں پر عمل کرتے ہوئے کلاسز میں بٹھایا گیا، اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایک دن پہلے ہی کلاسز میں اسپرے بھی کروایا گیا تھا ، اسکول کھلنے پر بچے بھی خوش تھے ۔

سندھ میں جیکب آباد، خیرپور، شکار پور، سکھر، نوابشاہ اور سانگھڑ سمیت دیگر شہروں میں بھی ایس او پیز کے تحت نجی و سرکاری اسکول کھل گئے اور تعلیم کا سلسلہ دوبارہ بحال کردیا گیا ۔