Thursday, April 18, 2024

سندھ میں نجی تعلیمی ادارے 3 ماہ تک فیسوں میں 20 فیصد کمی کے پابند

سندھ میں نجی تعلیمی ادارے 3 ماہ تک فیسوں میں 20 فیصد کمی کے پابند
April 27, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں نجی تعلیمی ادارے 3 ماہ تک فیسوں میں20فیصد کمی کے پابند کر دیے گئے ، سندھ حکومت بھی عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے آرڈیننس لے آئی ۔

صوبے میں3 ماہ کیلئے 50 ہزار سے کم کرایہ وصول کرنے پر پابندی لگادی جبکہ پچاس ہزار سے زائد کرایا آدھا وصول کیا جائے گا، نجی اسکولز کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت، کراچی کے رہائشی صارفین سے پانی کے بل وصول نہیں کئے جائیں گے، سندھ والوں کو مزید کیا کیا رعایتیں دی گئی ہیں۔

سندھ کابینہ نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی منظوری دیدی، اسکول فیسوں میں رعایت، پانی کا بل وصول نہیں کیا جائےگا، کرائے داروں کیلئے بھی اہم اعلان، مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کے دوران تفصیلات سے آگاہ کردیا۔

مشیر قانون سندھ نے کہا کراچی میں ٹیسٹنگ زیادہ ہورہی ہے اس لیے کیسز بھی زیادہ آ رہے ہیں، تنقید ہمیشہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی پر ہوتی ہے، الزام لگانا آسان مگر ثابت کرنا مشکل ہے، خدارا قوم کو مزید تقسیم نہ کریں۔

مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا سندھ کے وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی نے مزید تین ماہ تک تنخواہیں وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ صوبہ کورونا وائرس کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہے۔