Saturday, April 20, 2024

سندھ میں نئے چیف سیکرٹری کے تقررپر وفاق اور سندھ میں ٹھن گئی

سندھ میں نئے چیف سیکرٹری کے تقررپر وفاق اور سندھ میں ٹھن گئی
March 6, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان نئے چیف سیکرٹری سندھ کے تقرر پر سردجنگ شروع ہوگئی ہے ۔ سندھ حکومت اپنی مرضی کا چیف سیکرٹری لگاناچاہتی ہے جبکہ وفاقی حکومت کو قائم علی شاہ حکومت کی من مانی منظور نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق چیف  سیکرٹری کے عہدہ کےلیے حکومت سندھ کی جانب سے گریڈ بائیس کے افسر اور نیشنل کمیشن فار سوشل ویلفیئر کے سربراہ شفقت نغمی یا چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن طاہر رضا نقوی میں سے کسی ایک کے نام پر اصرار کیا جارہا ہے تاہم وفاقی حکومت نے ان میں سے کسی کی بطور چیف سیکرٹری سندھ کے عہدے پر تعیناتی کیلئے رضا مندی ظاہر نہیں کی  ہے۔ شفقت نغمی اور طاہر رضا نقوی سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی سمجھے جاتے ہیں اور دونوں نے حال ہی میں ان سے ملاقاتیں بھی کی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سندھ اور خصوصاً کراچی میں امن وامان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت اس عہدہ پر کسی ایماندار اور غیر جانبدار شخص کو تعینات کرنے کی خواہش مند ہے شفقت نغمی رواں سال جولائی میں ریٹائر ہو رہے ہیں ۔ دوسری طرف طاہر نقوی گریڈ اکیس کے افسر ہیں اور ان کی گریڈ بائیس میں ترقی بھی  نامعلوم وجوہات پر موخر کر دی گئی تھی۔وفاقی حکومت چیف سکرٹری اسلم ہوتیانہ کی کارکردگی سے بھی خوش نہیں ہے ۔