Wednesday, April 24, 2024

سندھ میں میٹرک کے امتحانات تماشہ بن گئے

سندھ میں میٹرک کے امتحانات تماشہ بن گئے
July 9, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ میں میٹرک کے امتحانات تماشہ بن گئے۔ آج بھی پرچے وقت سے پہلے ہی آؤٹ ہو گئے۔

بیشتر اضلاع میں سوال نامہ آج بھی امتحان سے آدھا گھنٹہ پہلے آوٹ ہو گیا۔ نواب شاہ میں نویں کلاس کا ریاضی کا پرچہ امتحانی مرکز سے پہلے سوشل میڈیا پر نظر آیا۔ دفعہ ایک سو چوالیس کے باوجود بوٹی مافیہ اپنا کام کرتا رہا۔ حل شدہ پرچہ ایک سے دو ہزار روپے میں فروخت کیا گیا۔

لاڑکانہ اور قمبر میں نویں جماعت کا فزکس کا پرچہ آوٹ ہو گیا۔ پابندی کے باوجود کمرہ امتحان میں طالب علم موبائل فونز کا استعمال کرتے رہے۔ یہاں بھی بوٹی مافیا طلبا کو نقل کرواتا رہا۔ شکار پور میں بھی نویں جماعت کے طالب علموں نے فزکس کا امتحان دیا۔ سوال نامہ امتحانی مرکز سے پہلے سوشل میڈیا کے ذریعے طلبا کو مل گیا۔ امتحانی مراکز میں کھلے عام نقل ہوتی رہی۔

نوشہرو فیروز میں بھی ریاضی کا پرچہ آوٹ ہوا اور حل شدہ پرچہ ایک ہزار روپے میں فروخت کیا گیا۔ طالب علم کمرہ امتحان میں کھلے عام نقل کرتے رہے۔ ڈہرکی سمیت دیگر اضلاع میں بھی صورتحال مختلف نہ تھی ۔ طالب علموں کے رقم کے عوض سوال نامہ بھی پہلے مل گیا اور حل شدہ پرچہ بھی۔