Thursday, April 18, 2024

سندھ میں میٹرک امتحانات ، نقل مافیا کو لگام نہ ڈالی جاسکی

سندھ میں میٹرک امتحانات ، نقل مافیا کو لگام نہ ڈالی جاسکی
April 3, 2019

 کراچی (92 نیوز) سندھ میں میٹرک امتحانات پر نقل مافیا کو لگام نہ ڈالی جاسکی۔ سکھر بورڈ کے زیر اہتمام تیسرا پرچہ بھی آؤٹ ہو گیا۔ نویں جماعت کا بائیولوجی کا پیپر وٹس ایپ گروپس میں وائرل ہوا۔

 سندھ میں میٹرک امتحانات بھی تعلیمی بورڈز کا امتحان لینے لگے۔ روزانہ کی بنیاد پر پرچے آؤٹ ہونا انتظامیہ  کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا۔

 بوٹی مافیا سرگرم ،واٹس ایپ گروپوں  میں پرچے آؤٹ ہونے لگے۔ سارا سال محنت کرنےوالے  طلبا کی محنت پر پانی پھیر دیا جاتا ہے۔ کھلے عام نقل کروائی جاتی ہے اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔  

 آج بھی پیپر آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری رہا۔ کراچی میں نویں جماعت کا کمپیوٹر سائنس کا پرچہ شروع ہونے کے دس منٹ بعد ہی واٹس ایپ گروپ میں شیئر ہوگیا۔ شکار پور میں نویں جماعت کا انگلش کا پرچہ آؤٹ ہو گیا۔ تھرپارکر میں ریاضی کا پرچہ وقت سے سات گھنٹے پہلے طلبا کی پہنچ میں آگیا۔ ڈہرکی ، نوشہرو فیروز میں سکھر بورڈ کے زیر اہتمام بیالوجی کا پرچہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ نواب شاہ میں بھی انگلش کا پرچہ شروع ہونے کے آدھے گھنٹے بعد آؤٹ ہو گیا۔

 سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد کے امتحانی مراکز میں سہولیات کا فقدان ہے۔ بجلی نہ ہونے سے طلبا گرمی سے نڈھال اورمشکلات کا شکار ہیں۔  

 بورڈز انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز میں چیکنگ بھی کی جارہی ہے۔ اعلیٰ حکام کے دورے بھی چل رہے ہیں، کارروائیاں بھی جاری ہیں لیکن اس سب کے باوجود بوٹی مافیا کو قابو نہیں کیا جا سکا۔