Thursday, May 9, 2024

سندھ میں لاک ڈاؤن کا بائیسواں دن ، راشن نہ ملنے پر مستحقین کا احتجاج

سندھ میں لاک ڈاؤن کا بائیسواں دن ، راشن نہ ملنے پر مستحقین کا احتجاج
April 13, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی تقسیم کے بڑے دعوے کیے گئے تھے  ،  بائیسویں دن بھی سندھ کے کئی شہروں میں مستحق افراد حکومتی امداد کی راہ تک رہے ہیں  جبکہ راشن نہ ملنے پر غریب اور مستحق افراد گھروں سے باہر نکل کر احتجاج پر مجبور ہوگئے ۔

آج  سندھ  میں لاک ڈاؤن کا بائیسواں دن  تھا ،سندھ کے کئی شہروں میں راشن کی تقسیم  کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے  ، نوشہرو فیروز کی سندھ کالونی میں راشن نہ ملا تو مکینوں کا صبر جواب دے گیا  اور گھروں سے نکل کر احتجاج پر مجبور ہوگئے  جس میں بچوں نے بھی شرکت کی ۔

شکار پور میں بھی راشن کی عدم فراہمی پر مکین سڑکوں پر آگئے  ، 22 دن سے بیروزگاری اور  امداد نہ ملنے پر شہریوں نے سندھ سرکار کیخلاف نعرے لگاکر دل کی بھڑاس نکالی ۔

جیکب آباد میں امدادی راشن نہ ملنے کیخلاف مستحق افراد پریس کلب پہنچ گئے  ، متاثرین کا کہنا تھا راشن کے نام پر شناختی کارڈ بھی لے لیے گئے، لیکن نہ راشن ملا اور نہ ہی شناختی کارڈ واپس ملے ۔

سجاول میں بھی یونین کونسل گھوٹارو کے مکینوں نے راشن  نہ ملنے پر احتجاج کیا ، مظاہری کا کہنا تھا لاک ڈاؤن کے باعث فاقوں کی نوبت آگئی  ، جبکہ راشن من پسند افراد کو دیا جارہا ہے ۔