Friday, April 19, 2024

سندھ میں لاک ڈاؤن سے غریبوں ، مزدوروں کی زندگیاں اجیرن

سندھ میں لاک ڈاؤن سے غریبوں ، مزدوروں کی زندگیاں اجیرن
April 5, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں لاک ڈاؤن سے غریبوں،مزدور پیشہ افراد کی زندگی اجیرن ہو گئی ،  حکومت نے راشن دینے کا اعلان تو کردیا لیکن مستحق افراد تاحال امداد کے منتظر ہیں۔

سندھ بھرمیں جاری لاک ڈاؤن سے یومیہ اجرت کمانے والوں کے گھروں کے  چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، غریب فاقوں پرمجبورہوگئے جب کہ حکومت نے راشن دینے کے دعوے تو بہت کیے لیکن  عملی اقدامات نظر نہیں آئے۔

خیرپور میں شہریوں سے عجیب مذاق کیا گیا ، 17ہزار آبادی پر مشتمل ایک یونین کونسل کو صرف 29راشن کے تھیلے دیئے گئے وہ بھی غیر معیاری نکلے ۔

جامشورو میں راشن کی تقسیم پر ایم این اے اور ڈپٹی کمشنر الجھ پڑے ، رکن اسمبلی سکندر راہپوٹو ڈپٹی کمشنر سے بولےآپ کے 1500کے راشن کے تھیلے سے غریب  کیا ایک مہینہ کھانا کھائیں گے۔

لاک ڈاؤن سے پسے افراد پر نئی افتاد منافع خوروں کی صورت میں پڑی ، جنہوں نے اشیائے خورونوش کی قیمتیں 20سے30فیصد بڑھادیں۔

سکھر،لاڑکانہ،نوابشاہ،دادو،بدین،میرپورخاص سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں جاری لاک ڈاؤن نے مزدوروں کو بیروزگار کردیا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ متاثرین کو جلد راشن پہنچایا جائے ۔