Friday, April 19, 2024

سندھ میں شراب کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار

سندھ میں شراب کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار
November 23, 2016

اسلام آباد (92نیوز) سندھ میں شراب کی دکانیں بند کرنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم۔ سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو سننے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس دوبارہ عدالت عالیہ کو بھجوا دیا۔ جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں تاثر نہ دیا جائے کہ سپریم کورٹ نے شراب فروشی کی اجازت دیدی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ ہندو مذہب میں شراب نوشی سخت منع ہے۔ پاکستان میں غیرمسلم کے نام پر شراب فروخت ہوتی ہے۔ غیرمسلم کمیونٹی کے نام پر شراب کا کاروبار کرنا قابل مذمت ہے۔

وائن شاپس کے مالکان کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے دلائل دیے کہ اس معاملے میں آرٹیکل 199 کی خلاف ورزی کی گئی۔ وائن شاپس مالکان کے ہی دوسرے وکیل شاہد حامد کاکہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ میں تو معاملہ صرف چار وائن شاپس کا تھا لیکن 120 کو بند کر دیا گیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے تمام فریقین کو سنے بغیر حتمی فیصلہ دیدیا جس پر عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس دوبارہ سندھ ہائیکورٹ بھجوا دیا۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ یہ تاثر نہ دیا جائے کہ سپریم کورٹ نے شراب فروشی کی اجازت دیدی۔ تمام فریقین کو سنے بغیر فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔