Friday, May 17, 2024

سندھ میں شاپنگ مالز کے علاوہ دیگر مارکیٹس کھولنے کا اعلان

سندھ میں شاپنگ مالز کے علاوہ دیگر مارکیٹس کھولنے کا اعلان
May 10, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے تاجروں کی سنی گئی ، وزیراعلیٰ  سندھ نے شاپنگ مالز کے علاوہ دیگر مارکیٹس کھولنے کا اعلان کر دیا ،  ہفتے میں چار دن دکانیں صبح 6 سے شام 5 بجے تک کھولی جائیں گی۔

سندھ میں  بھی  تمام معاملات  تاجروں کیساتھ مذاکرات کی میز پر ہی حل ہوگئے ،  کل سے  صوبے بھر میں ایس او پیز کے تحت صبح 8 سے شام 4 بجے تک دکانیں کھلیں گی ، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کہتے ہیں کورونا وائرس اپنی پیک پر ہے ، تاجروں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے  کاروبار کھولنے کا اعلان کررہے ہیں۔

سندھ میں کاروباری سرگرمیاں کب اور کس طرح بحال ہوں ، وزیر اعلیٰ سندھ صوبائی وزراء مئیرکراچی اور تاجر تنظیموں کے  نمائندوں کی سندھ اسمبلی میں اہم بیٹھک ہوئی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اگرچہ کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ مشکل ہے مگر  تاجر برادری کیلئے یہ قدم اٹھارہےہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا  کہ انھوں نے پبلک ٹرانسپوٹ ، ایئر پورٹ کھولنے اور رات کو کاروبار کی اجازت دینے پر اعتراض کیا تھا اور وفاقی حکومت نے ہماری بات تسلیم کی۔

سندھ حکومت نے تاجروں سے ملاقات کے بعد قوائد و ضوابط  جاری کردیے اعلامیہ کے مطابق دکان پرآنے والے گاہکوں میں سماجی فاصلہ رکھنا دکاندارکی ذمہ داری ہوگی،عملدرآمد نہ کرانے والی مارکیٹوں کو بندکرادیا جائے گا،جبکہ کسٹمرز کاماسک پہننا،سینی ٹائزر ،سماجی فاصلہ رکھوانا مارکیٹ صدورکی ذمہ داری ہوگی۔

سندھ حکومت نے 11محکموں کے مخصوص دفاتر کو بھی کھولنے کا  اعلان کردیا محکمہ اوقاف، انسانی حقوق، صنعت و تجارت آئی ٹی محکمہ سرمایہ کاری اورسوشل ویلفیئر اینڈ سروس کے دفاتر کھلیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق  جمعہ ،ہفتہ اوراتوار  مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، تفریحی مقامات ،انٹرا اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ ،شاپنگ پلازہ ،تعلیمی ادارے ،آفسز،سیلون بیوٹی پارلرز اور کیفے بند رہیں گے جلوس اور  عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔