Monday, May 13, 2024

سندھ میں سیلاب کے باعث قراقرم، شاہ حسین اور کراچی ایکسپریس کی آج روانگی منسوخ

سندھ میں سیلاب کے باعث قراقرم، شاہ حسین اور کراچی ایکسپریس کی آج روانگی منسوخ
August 30, 2020
 کراچی (92 نیوز) سندھ میں سیلاب کے باعث لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی قراقرم، شاہ حسین اور کراچی ایکسپریس کی آج روانگی منسوخ ہو گئی۔ محکمہ ریلوے کے مطابق مسافروں کو فل ریفنڈ دیا جائے گا۔ حالیہ شدید بارشوں سے ٹرین کے مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی ٹرینیں ایک سے سات گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ شہر قائد سے لاہور آنے والی ملت ایکسپریس سب سے زیادہ سات گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی۔ عوام ایکسپریس ، گرین لائن ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس کے مسافروں کو چار گھنٹے کی تاخیر کا سامنا رہا۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے کے مطابق پاکستان ایکسپریس تین گھنٹے پچیس منٹ اور رحمان بابا تین گھنٹے لیٹ ہوئی، جبکہ شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو ایک گھنٹہ تاخیر کی کوفت برداشت کرنا پڑی۔ کوئٹہ سے لاہور آنے والی جعفر ایکسپریس مقررہ وقت سے پانچ گھنٹے بعد پہنچی۔ ڈی سی او ریلوے کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والی شدید بارشوں نے ریلوے کا نظام درہم برہم کر رکھا ہے جس کے باعث دیگر شہروں سے لاہور آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔