Saturday, April 20, 2024

سندھ میں سیاسی سرگرمیاں تیز،مختلف جماعتوں کے ایک دوسرے سے رابطے شروع

سندھ میں سیاسی سرگرمیاں تیز،مختلف جماعتوں کے ایک دوسرے سے رابطے شروع
January 14, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں سیاسی سرگرمیاں تیز  ہو گئیں ،  مختلف جماعتوں کے ایک دوسرے سے رابطے  بھی شروع ہو گئے ۔ سیاسی گہما گہمی میں مفاہمت کے بادشاہ آصف علی زرداری بھی متحرک  نظر آرہے ہیں ، گزشتہ ہفتے میں جلسے کرنے کے بعد اب 17 جنوری کو بدین کا دورہ متوقع ہے ۔ پیپلزپارٹی نے جوابی وار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے ناراض ارکان توڑنے کی کوششیں شروع کردیں  ، ادھر ایم کیوایم حیدرآباد میں 18 جنوری کو جلسہ کرے گی ۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری  رواں ماہ سندھ کا دورہ کریں گے ۔ دورے کا شیڈول گزشتہ روز جاری کیا گیا۔ شیڈول کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 25 جنوری جب کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری 15اور 16 جنوری کو سندھ کا دورہ کریں گے ۔ دورے کے دوران سندھ میں عوامی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر بات چیت بھی ہو گی جب کہ عمران خان پاکستان تحریک انصاف سندھ کے امور کا جائزہ بھی  لیں گے ۔ جبکہ   ہم خیال جماعتوں کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوں گی ۔ وزیر اعظم کو گھوٹکی کے دورے کی دعوت علی گوہر خان مہر نے دی تھی  ۔  چند ہفتے پہلے  افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ میں  حکومت کی تبدیلی کے لئے  اہم  سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی جس کے لئے فواد چودھری  نے دورہ سندھ  کرنا تھا مگر عین وقت پر  فواد چودھری کی جانب سے دورہ سندھ ملتوی کر دیا گیا تھا۔ فواد چودھری کی جانب سے دورہ سندھ ملتوی کرنے کے بعد سیاسی صورتحال  کے ابال میں کمی آگئی تھی ۔