Sunday, April 28, 2024

سندھ میں ”سیاسی خیرات“ کی ریوڑیاں حاصل کرنے کیلئے بھاگ دوڑ شروع

سندھ میں ”سیاسی خیرات“ کی ریوڑیاں حاصل کرنے کیلئے بھاگ دوڑ شروع
November 2, 2015
کراچی (92نیوز) بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعدپیپلزپارٹی سندھ میں چیئرمین ضلع کونسل اور میئر میونسپل کارپوریشن کےلئے جوڑتوڑ شروع ہو گیا۔ پارٹی رہنما اہم عہدوں کے لئے اپنے قریبی رشتہ داروں کو سامنے لے آئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کی ڈ سٹرکٹ کونسل کے چیئرمین کے لئے خورشید شاہ کے صاحبزادے فرخ شاہ اور وزیر بلدیات کے سپوت کمیل حیدر مضبوط امیدوار ہیں۔ سکھر کے میئر کے لئے سینیٹر اسلام الدین شیخ اپنے بیٹے ارسلان شیخ کو لے آئے۔ لاڑکانہ کی صورتحال بھی مختلف نہیں جہاں چیئرمین ضلع کونسل کے لئے ندا کھوڑو، ظفرسیال ، اعجاز لغاری اور زوہیب بگھیو امیدوار ہیں۔ نداکھوڑو‘ وزیراطلاعات نثارکھوڑوکی صاحبزادی اور ظفرسیال وزیرداخلہ سہیل انورسیال کے بھائی ہیں جبکہ خیرمحمدشیخ، آفتاب بھٹو اور اسلم شیخ لاڑکانہ کے میئر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ سندھ کے بڑے سائیں اپنے ضلع خیرپور میں بھانجوں اور بھتیجوں کو عہدے بانٹیں گے۔ چیئرمین ضلع کونسل کےلئے سائیں کے بھانجے کے بیٹے فہدشاہ جیلانی مضبوط امیدوار ہیں جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی خیرپور کے لئے سائیں کے بھتیجے امجد شاہ جیلانی میدان میں آ گئے۔ گھوٹکی میں بھی ریوڑیاں اپنوں کو ہی بانٹی جائیں گی۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی میرپورماتھیلو کے لئے سابق وزیر خالدخان کے بیٹے شہبازخان امیدوار ہیں۔ وزیرصحت جام مہتاب کے بھتیجے یاسرآفتاب چیئرمین ٹاون کمیٹی اوباڑو کے امیدوار ہیں۔ ضلع کونسل کشمور کےلئے گل محمدجاکھرانی اور محمد خان کھوسہ مضبوط امیدوار ہیں۔ گل محمدجاکھرانی پیپلزپارٹی کی طرف سے ایم این اے رہ چکے ہیں۔ محمد خان کھوسہ ایم پی اے عبدالرو¿ف کھوسہ کے کزن ہیں۔