Wednesday, April 24, 2024

سندھ میں زکوۃ کی تقسیم بھی کرپٹ مافیا سے محفوظ نہ رہی ‏

سندھ میں زکوۃ کی تقسیم بھی کرپٹ مافیا سے محفوظ نہ رہی ‏
April 21, 2019

کراچی ( 92 نیوز) سندھ  میں زکوۃ کی تقسیم بھی کرپٹ مافیا سے محفوظ نہیں  رہ سکی ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ نے مبینہ کرپشن کو بے نقاب کردیا ، رپورٹ کے مطابق سندھ بینک نے زکوٰۃ مستحقین کے 117 کروڑ روپے سیونگ اکاؤنٹ میں رکھ کر منافع کمایا ۔

رپورٹ کے مطابق مستحقین زکوٰة کے 117 کروڑ روپے سندھ بینک نے تقسیم کرنے کی بجائے 4 ماہ تک سیونگ اکاؤنٹ میں رکھ کر منافع کمایا ۔

بدین، ٹھٹھہ، لاڑکانہ، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں زکوٰۃ کمیٹیاں 2 کروڑ روپے کے اخراجات کا حساب نہیں دے سکیں ۔

 مستحق خاندانوں کے نام پر جاری 2 کروڑ 15 لاکھ روپے اور جہیز کی مد میں 91 لاکھ روپے خورد برد کیے گئے ۔

آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے 3 بڑے اسپتال زکوٰة فنڈز کے 6 کروڑ روپے سے ٹینڈر کے بغیر خریدی گئی ادویات کا کوئی جواب نہیں دے سکے  جبکہ 2 نجی اسپتالوں نے زکوٰة فنڈز سے ملنے والے 3 کروڑ روپے مستحقین پر خرچ کرنے کی بجائے اسپتال کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے اور نوشہروفیروز میں زکوٰة کمیٹی نے بغیر دستاویز 86 لاکھ روپے کی مشکوک ادائیگیاں کیں ۔