Saturday, April 20, 2024

سندھ میں دالیں ، چینی مہنگی ، سبزیاں اور مرغی سستی ہو گئی

سندھ میں دالیں ، چینی مہنگی ، سبزیاں اور مرغی سستی ہو گئی
March 30, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی سمیت سندھ  بھر میں  اشیاء خورونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ، دالیں اور چینی 10روپے کلو مہنگی ہوگئیں، طلب نہ ہونے سے سبزیاں اور مرغی سستی ہوگئی ۔

کورونا وائرس کےوار جاری ہیں  سندھ  حکومت کےاقدامات کے باوجود منافع خوروں نےاس صورتحال سےبھی فائدہ اٹھاناشروع کردیا ، لاک ڈاؤن کو جواز بنا کرکھانے پینے کی اشیاء  کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ، دالیں چینی اورآٹے کی قیمت میں اضافہ  ہوگیا۔

شہر بھر میں مختلف اقسام کی دالیں 10روپے کلو تک مہنگی ہوگئیں  جسکی وجہ سے مونگ کی دال 260روپے،دال چنا 160جبکہ دال مسور150روپے کلو کردی گئی۔

اسکے علاوہ چینی 5روپے اضافے سے 85روپے کلوہوگئی  ، فائن آٹا 55روپے جبکہ چکی کا آٹا 65 روپے کلو ہوگیا ، غریب افراد کے لئے بنیادی چیزوں کاحصول مزید مشکل ہوگیا۔

دوسری جانب ہوٹل اور ریسٹورنٹ بند ہونے سے سبزیاں اورمرغی سستی ہوگئی ، فی کلو چکن 65روپے سستی ہوکر 200روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے ۔

شہر بھر میں آلو 40روپے ٹماٹر 30روپے جبکہ پیاز 60روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے ۔