Monday, September 16, 2024

سندھ میں جرائم پیشہ پولیس اہلکاروں کی شامت آ گئی!!! ڈی جی رینجرز نے آئی جی سندھ کو کارروائی کیلئے خط لکھ دیا

سندھ میں جرائم پیشہ پولیس اہلکاروں کی شامت آ گئی!!! ڈی جی رینجرز نے آئی جی سندھ کو کارروائی کیلئے خط لکھ دیا
August 12, 2015
کراچی (92نیوز) پولیس میں موجود جرائم پیشہ افسران اور اہلکاروں سے تفتیش کےلئے ڈی جی رینجرز نے آئی جی سندھ کو خط ارسال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے آئی جی سردار غلام حیدر جمالی کو لکھے گئے خط میں جرائم میں ملوث انیس افسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ افسران اور اہلکار بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی میں ملوث ہیں۔ رینجرز کے خط کے مطابق ایس ایس پی اکرم ابڑو، انسپکٹر خرم وارث، انسپکٹر چوہدری اعظم ،انسپکٹر واصف قریشی ،سب انسپکٹر سرفراز ،سب انسپکٹر محمود خان، سب انسپکٹر ممتاز مہر ،سب انسپکٹر غوث محمد ،سب انسپکٹر شہباز یوسف، سب انسپکٹر راجہ خالد ،اے ایس آئی ناصر عروج ، اے ایس آئی رانا حنیف شامل ہیں۔ ڈی جی رینجرز نے ان پولیس اہلکاروں سے تفتیش کرکے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ خط ملنے کے بعد پولیس کے ہیڈ آفس میں بھی کھلبلی مچ گئی۔ افسران سر جوڑ کر بیٹھے اور فیصلہ ہوا کہ جرائم میں ملوث ایسے پولیس اہلکار جو ملازمتوں سے برخاست ہو کر بحال ہوئے ہوں انہیں اہم ذمہ داریاں نہیں دی جائیں گی۔ خاص طور پر ایسے جو جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرنے پر معطل ہوئے ہوں۔ تمام ڈی آئی جیز اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران کو ذمہ داریاں تفویض کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ تمام ڈی آئی جیز پانچ روز کے اندر پولیس کی کالی بھیڑوں کی رپورٹ پیش کریں گے۔