Wednesday, April 24, 2024

سندھ میں جاری صفائی مہم غیر موثر ہونے لگی

سندھ میں جاری صفائی مہم غیر موثر ہونے لگی
October 6, 2019
کراچی (92 نیوز) سندھ میں 21 ستمبر سے شروع کی گئی صفائی مہم غیر موثر ہونے لگی، وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کے 18 ارکان کو مانیٹرنگ کمیٹی میں شامل کیا تھا لیکن صوبائی وزراء نے خود کو گھروں تک ہی محدود کر لیا ہے جس کے باعث مانیٹرنگ کمیٹیاں غیرفعال ہو گئی ہیں۔ سندھ سرکار کی صفائی مہم جاری ہے اور وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے بھی مختلف علاقوں میں طوفانی دورے کئے، مہم کا کپتان میدان میں ہے لیکن کھلاڑیوں کی عدم دلچسپی سے صفائی مہم غیر موثر ہونے لگی، صوبائی وزراء اپنے ہی علاقوں میں جانے سے کترانے لگے۔ سندھ کے وزراء کی مانیٹرنگ کمیٹیاں غیرفعال ثابت ہو رہی ہیں، مکیش کمار نے 15 دن میں ضلع جنوبی کے کسی علاقے میں صفائی مہم کا جائزہ ہی نہیں لیا۔ اعجازجکھرانی بھی مانیٹرنگ کیلئے نہیں نکلے، کورنگی میں صفائی مہم کی صورتحال سے صوبائی وزراءجام اکرام، امتیازشیخ اور اویس قادر شاہ بے خبر ہیں۔ شہلا رضا، فراز ڈیرو اور قاسم نوید بھی ضلع شرقی میں صفائی مہم سے لاتعلق ہیں ، نواب وسان، تیمورتالپور اور شبیر بجارانی نے بھی خود کو صفائی مہم سے الگ کر رکھا ہے۔