Friday, May 17, 2024

سندھ میں آج رات آٹھ بجے سے شہریوں کا گھر سے غیر ضروری نکلنا ممنوع

سندھ میں آج رات آٹھ بجے سے شہریوں کا گھر سے غیر ضروری نکلنا ممنوع
May 25, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ میں آج رات آٹھ بجے سے شہریوں کا گھر سے غیر ضروری نکلنا ممنوع ہے۔ پولیس کو گاڑیوں میں بلا ضرورت گھومنے والوں کو روکنے کی ہدایت کر دی گئی۔

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے مزید سخت اقدامات کرلئے۔ آج سے رات آٹھ بجے کے بعد غیرضروری طور پر گھروں سے نکلنے پر پابندی لگا دی۔ کاروباری اوقات صبح پانچ بجے سے شام چھ بجے تک ہونگے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ پر سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔ آج سے رات آٹھ بجے کے بعد غیرضرروری نقل وحرکت پر پابندی عائد کر دی۔

وزیراعلیٰ مُراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو بلاضرورت گھومنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں پارکس کی لائٹس مغرب کے بعد بند کردی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام نے تعاون کیا تو دو ہفتوں میں کورونا کیسز کم ہوجائیں گے۔ کیسز کم ہونے پر پابندیاں نرم کی جا سکتی ہیں۔

صوبے بھر میں کاروبار کے اوقات صبح پانچ بجے سے شام چھ بجے تک ہونگے۔ ڈیپارٹمنٹل اور سپر اسٹور بھی شام چھ بجے کے بعد بند کردیئے جائیں گے۔ بیکری اور ملک شاپ رات بارہ بجے تک کھلی رہیں گی۔ جمعہ اور اتوار کو کاروبار مکمل بند رہیں گے۔

حکومتی احکامات کے بعد کراچی پولیس چیف نے لاک ڈاؤن پر سخت عملدرآمد کا حکم دیدیا۔ پولیس کو ہدایت کی کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر پولیس رکاوٹیں اور پکٹس لگائی جائیں، رات آٹھ بجے کے بعد ناکوں پر غیرضروری نکلنے والوں کو روکا جائے۔

پولیس چیف نے کہا کہ چھ بجے کے بعد کھلنے والی دکانوں کے خلاف بھرپُور کارروائی کی جائے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی نرمی نہ کی جائے۔