Sunday, September 8, 2024

سندھ میں آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کی وارننگ جاری

سندھ میں آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کی وارننگ جاری
July 11, 2016
کراچی (92نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کا خدشہ ہے۔ سندھ حکومت نے ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر پولیس اور دیگر اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو بارہ اور تیرہ جولائی کو طوفانی بارشوں کی خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کی شدید بارشیں دینے والا سسٹم سندھ میں داخل ہونے کو ہے جو کراچی سمیت سندھ میں شدید بارشوں کا سبب بنے گا۔ ایسی صورتحال میں اگر نالوں کے ذریعے پانی کی نکاسی کا انتظام نہ کیا گیا تو کراچی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر کے اسپتالوں میں میڈیکل اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ محکمہ داخلہ کی جانب سے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، تمام زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ نشیبی علاقوں‘ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث عوام کی ہرممکن مدد، تحفظ اور حفاظتی انتظامات کرنے کے ساتھ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بارش کے دوران کراچی کی ساحلی پٹی پر نگرانی کا خصوصی بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔