Saturday, May 11, 2024

سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران 104 کورونا کیسز ، 6 افراد جاں بحق

سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران 104 کورونا کیسز ، 6 افراد جاں بحق
April 11, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں کورونا  وائرس پنجے گاڑھنے  لگا ، چوبیس گھنٹے کے دوران صوبے میں 104 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 6 افراد انتقال کرگئے ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  کہتے ہیں جب تک لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل ہورہا تھا صورتحال بہتر تھی مگر اب معاملات خراب ہورہے ہیں۔

سندھ میں عالمی وبا کورونا  کے  پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے ، 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں سو سے زائد کیسز  رپورٹ ہوگئے  ، جبکہ وائرس کا شکار مزید 6 افراد انتقال کرگئے سنگین صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے انتہائی تشویش کا اظہارکردیا۔

کورونا وائرس سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ  نے اپنے پیغام میں کہا لاک ڈاؤن پر جب تک سختی سے عمل ہورہا تھا تو صورتحال بہتر تھی مگر اب معاملات خراب ہورہے ہیں، کورونا  وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافے کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے میں جاری لاک ڈاؤن  کو مزید ایک ہفتے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی ہے ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے  کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا  ۔ دوسری کراچی میں کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن 20 ویں روز بھی جاری ہے ، کاروباری مراکز ، مارکیٹیں بند ہیں،سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔جبکہ پولیس اور رینجرز کا مختلف علاقوں میں گشت جاری ہے۔