Saturday, April 20, 2024

سندھ رینجرز کے زیراہتمام مزارِ قائد پر جشن آزادی کی پُروقار تقریب

سندھ رینجرز کے زیراہتمام مزارِ قائد پر جشن آزادی کی پُروقار تقریب
August 14, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) جشن آزادی کی مناسبت سے سندھ رینجرز کے زیراہتمام مزارِ قائد پر پُروقار تقریب ہوئی، مہمان خصوصی کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم تھے۔

کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، تقریب کا مقصدجشن آزادی کے موقع پر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ کور کمانڈر کراچی نے نمایاں سماجی خدمات انجام دینے والوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔

تقریب میں ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چو دھری، آئی جی سندھ، سینئر سول وعسکری حکام اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران کوویڈ۔19 ایس او پیز کو ملحوظ ِخاطر رکھا گیا۔

تقریب کے دوران یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی ڈوکومینٹری بھی دکھائی گئی۔ بچوں نے جشن آزادی کی مناسبت سے ٹیبلو پیش کیا۔

تقریب میں پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی، پاکستان کی 74ویں یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔