Wednesday, April 24, 2024

سندھ رینجرز کی نقاب پوش دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل

سندھ رینجرز کی نقاب پوش دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل
November 19, 2016

کراچی (92نیوز) کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ پاکستان رینجرز سندھ نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کی تصویر جاری کر کے گرفتاری میں عوام سے مدد کی اپیل کر دی۔ ترجمان سندھ رینجرز کے اعلامیہ کے مطابق مبینہ دہشت گرد کالعدم تنظیم کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے جو کسی بڑی دہشت گردی کا آلہ کار بن سکتا ہے۔

ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس اس دہشت گرد کے بارے میں کوئی بھی معلومات ہوں تو وہ سندھ رینجرز کی مدد کرے۔ دوسری جانب کراچی پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں کارروائی کی اور تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں لیاری گینگ وار کا کارندہ سکندر بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم استاد تاجو کا عزیز ہے اور اس کا گروہ چلارہا تھا۔ ملزم لیاری یوسی فور سے چیئرمین کا الیکشن بھی لڑ چکا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ کلری میں دہشت گردی کا مقدمہ بھی درج ہے۔

ادھر بلدیہ پولیس نے بھی دو مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد حساس مقامات کی تصاویر بنا رہے تھے۔ پولیس کی پوچھ گچھ پر دونوں نے خود کو رینجرز اہلکار ظاہر کیا جو تفتیش میں غلط ثابت ہوا۔ دونوں افرا د کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔