Tuesday, April 16, 2024

سندھ رینجرز کا ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ

سندھ رینجرز کا ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ
December 10, 2015
کراچی (92نیوز) رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں دائر دعویٰ میں کہا گیا ہے کہ وسیم اختر نے وفاقی ادارے پر کھالیں چوری کرنے کا الزام لگا کر ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر دعویٰ میں کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم کے رہنما وسیم اختر نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں 29 ستمبر کو الزام عائد کیا تھا کہ رینجرز نے ان کی 18 ہزار کھالیں چوری کرکے فروخت کردیں۔ وسیم اختر کے بیان کی وجہ سے قومی ادارے کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ رینجرز کی جانب سے دائر دعویٰ میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ وسیم اختر کی جانب سے الزام عائد کرنے پر 50 کروڑروپے ہرجانے کے طور پر دلوائے جائیں۔ ساتھ ہی وسیم اختر کو رینجرز جیسے قومی ادارے پر اس قسم کے الزامات عائد کرنے پر روکا جائے۔ عدالت نے وسیم اختر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں اکیس دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔