Sunday, September 8, 2024

سندھ رینجرز نے کراچی آپریشن کےدوران گرفتار ملزموں کی رپورٹ سپریم کورٹ رجسٹری میں جمع کرادی

سندھ رینجرز نے کراچی آپریشن کےدوران گرفتار ملزموں کی رپورٹ سپریم کورٹ رجسٹری میں جمع کرادی
July 15, 2016
کراچی(92نیوز)سندھ رینجرز نے کراچی آپریشن کے دوران گرفتار ملزموں کی رپورٹ سپریم کورٹ رجسٹری میں جمع کرادی۔ 2 سال میں 4 ہزار خطرناک ملزموں کو گرفتار کیا گیا دوسری جانب پولیس نےاعتراف کیا کہ2013 سے 2015 تک 857 افراد کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی۔ تفصیلات کےمطابق جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ  نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت رینجرزاور پولیس نے کراچی آپریشن سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پانچ اکتوبر دو ہزار تیرہ سے جولائی دو ہزار سولہ تک کراچی میں ٹارگیٹڈ  آپریشن کےدوران مختلف اقسام کےپانچ  ہزار ہتھیار برآمد کئے، رینجرز نےآپریشن کے دوران چار ہزار خطرناک ملزموں کو گرفتار کیا،گرفتار ملزموں کا تعلق مختلف سیاسی اور کالعدم جماعتوں سے ہے۔ ادھر آئی جی سندھ نے کراچی میں ہونے والی ٹٓارگٹ کلنگ سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع کردی،رپورٹ کےمطابق دو ہزار تیرہ سے دوہزار پندرہ تک کراچی میں آٹھ سو ستاون افراد کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی۔ ان واقعات کے چھ سو تیس مقدمات درج ہوئے ہیں دو سو بائیس مقدمات کا چالان عدالتوں میں پیش کیا گیا۔ اے کلاس کئے گئے چارسو آٹھ مقدمات دوبارہ کھولےگئےجبکہ بیالیس مقدمات کا سراغ لگالیا گیا اور تین سو چھیاسٹھ مقدمات کی تفتیش جاری ہے،رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ یکم جنوری دو ہزار سولہ سے تیس جون تک قتل کے دو سو پچانوے مقدمات درج ہوئے،ان مقدمات میں ایک سو گیارہ مقدمات کا چالان عدالتوں میں پیش کردیا گیا۔ سندھ میں زمینوں پر قبضے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی،جس کے مطابق دوہزار پندرہ سے تیس جون دوہزار سولہ تک زمینوں پر قبضے کے  چھ سو چوراسی مقدمات درج ہوئے۔ زمینوں پر قبضوں کےآٹھ سو چھیاسی ملزم گرفتار ہوئے گزشتہ چھہ ماہ میں اغوا برائے تاوان کےانتالیس واقعات سامنےآئےتاہم اغوا برائے تاوان کے انتیس مقدمات درج ہوئے۔ بتیس مغویوں کو بازیاب کرایا گیا،پولیس رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ سال سات بم دھماکے جبکہ رواں سال ایک واقعہ ہوا۔ ان واقعات میں گیارہ افراد ہلاک اور سینتالیس افراد زخمی ہوئے،بم دھماکوں میں ملوث ایک گروہ کا سراغ لگا لیا گیا۔