Saturday, May 11, 2024

سندھ حکومت کے گندم ریلیز نہ کرنے سے قیمتیں بڑھتی ہیں، شبلی فراز

سندھ حکومت کے گندم ریلیز نہ کرنے سے قیمتیں بڑھتی ہیں، شبلی فراز
August 12, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں سندھ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 1400 سے 1600 روپے تک پہنچ گئی، سندھ حکومت گندم ریلیز نہیں کر رہی، جس سے قیمتیں بڑھتی ہیں۔ وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اتنا فرق ہوگا تو پنجاب کا آٹا سندھ جائے گا، پورے ملک میں آٹے کی ایک قیمت کیلئے میکانزم بنا رہے ہیں، 24 اگست کو گندم کا جہاز پہنچ جائے گا، ڈیڑھ سے دو ملین ٹن کا گیپ ختم ہوجائے گا۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آٹا اور چینی پاکستانیوں کی مرغوب غذا ہے، وزیراعظم ہرہفتے اس حوالے سے میٹنگ کرتے ہیں، آج کی میٹینگ میں وزیراعظم کو غریبوں کی اشیائے ضروریہ پر بریفنگ دی۔ آج آٹے کی قیمت کے پی میں 900 سے 1150 کے درمیان، پنجاب میں آٹے کی قیمت 850 روپے ہے جبکہ آج سندھ بالخصوص کراچی میں آٹے کی قیمت 1400 سے 1700 کے درمیان تھی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں گندم کی قیمتوں کا فرق 19،20 روپے توقابل قبول ہیں لیکن اس سے زیادہ نہیں، وزیراعظم گندم اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں پر مطمئن نہیں، عمران خان چاہتے ہیں کہ آٹے کی قیمت کم ہو۔ وفاقی وزیر بولے کہ پنجاب میں چینی کا اسٹاک اچانک کم ہوا جس پر کچھ خدشات ہیں، کچھ طبقے ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں، شوگر ملز ڈسٹریبیوٹر شامل ہیں یا نہیں مجھے نہیں معلوم؟، شوگر رپورٹ کے بعد چینی مذید مہنگی ہوگئی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ شوگر انڈسٹریز کی جانب سے کیس روکنے کے لیے مہنگا وکیل کیا گیا، اس طرح کے لوگ بہت طاقتور ہوتے ہیں، ان میں آپس میں اتفاق ہوتا ہے، ان پر ہاتھ ڈالنا حکومت کا فرض ہے، ماضی کے حکمرانوں کی اپنی شوگر ملز تھیں انہوں نے ملک کو لوٹا، ہم انشاء اللہ شوگر امپورٹ کر رہے ہیں جس سے صورتحال بہتر ہوجائے گی، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ جو کرشنگ میں تاخیر کرے گا اس کو 50 لاکھ روپے روزانہ کے حساب جرمانہ ہوگا۔ جرمانوں کے بعد ہم چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرلیں گے۔