Friday, May 10, 2024

سندھ حکومت کی ایک ہفتہ لاک ڈاؤن میں توسیع کی خواہش

سندھ حکومت کی ایک ہفتہ لاک ڈاؤن میں توسیع کی خواہش
April 9, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ حکومت نے  ایک ہفتہ لاک ڈاؤن میں توسیع کی خواہش کردی ،  وزیراعلیٰ سندھ نے سینئرصحافیوں اور اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لاک ڈاؤن سے متعلق حتمی فیصلہ کابینہ کا ہوگا، چھوٹے تاجروں کی حمایت مل رہی ہے جبکہ بڑے تاجروں کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے،فیکٹریوں کو کم ورکرز کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی جائے گی، تعمیراتی شعبے کو اجازت دی تو وبا پھیل جائے گی، ہم چاہتے ہیں تمام صوبوں میں یکساں اقدامات ہوں۔

وزیراعلی مرادعلی شاہ نے سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر خبردار کردیا ، وفاقی حکومت کےعدم تعاون کا شکوہ بھی کیا ، تعمیراتی صنعت کھولنے پر وائرس کے بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا  اور کہا ایک ہفتے لاک ڈاؤن بڑھانا چاہتے ہیں لیکن کچھ لوگ افواہیں پھیلا کر صورتحال خراب کررہے ہیں ۔

سندھ میں کورونا لوکل ٹرانسمیشن کیسز میں اضافہ ہو گیا  جس پر صوبائی حکومت کی پریشانی بڑھنے لگی ، پوش ایریاز کےبعد گنجان آباد علاقوں میں بھی کورونا پھیلنے لگا ۔

وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے سینئر صحافیوں سےملاقات کی اور ممکنہ خطرات سےآگاہ کیا ، انہوں نے کہا کہ بھوک اور وائرس کےپھیلاؤ میں سے ترجیح کا تعین کرنا ہوگا   جبکہ ایک ہفتہ لاک ڈاون بڑھانا چاہتے ہیں  ، بھوک سے کسی کی جان نہیں گئی،لیکن وائرس پھیل رہا ہے  ۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا تعمیراتی صنعت کو کام کی اجازت دی تو کورونا پازیٹو کیسز بڑھنے کا امکان ہے ، وزیراعلی مرادعلی شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ بعض کاروباری گروپ مخالفت کررہے ہیں  ، لیکن حکومت وائرس کا پھیلاؤ روکنا چاہتی ہے اور اسی لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

دوسری جانب سندھ میں جمعہ کو بھی لاک ڈاؤن میں انتہائی سختی کی جائے گی ، جمعہ کو دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی جبکہ عوامی نقل و حرکت بھی محدود کردی جائے گی  اس دوران پابندی سےمستثنیٰ  کاروبار بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی  جبکہ نماز جمعہ میں صرف پیش امام اور عملے کے ارکان شامل ہوسکیں گے ۔