Thursday, April 25, 2024

سندھ حکومت کا نصاب وفاقی حکومت کے نصاب سے بہتر اور جدید ہے ، سعید غنی

سندھ حکومت کا نصاب وفاقی حکومت کے نصاب سے بہتر اور جدید ہے ، سعید غنی
July 2, 2020
 کراچی (92 نیوز) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا سندھ حکومت کا نصاب وفاقی حکومت کے نصاب سے بہتر اور جدید ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر میں یکساں نصاب سے متعلق غور کیا گیا۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے ایک نصاب بھیجا ہے وہ پورے ملک میں متعارف کرانا چاہتے ہیں۔ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ پورے ملک میں ایک جیسا نصاب ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نصاب بنانا صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ سندھ میں سوشل اسٹڈیز کا سبجیکٹ کلاس 6 سے 8 ویں تک ہے۔ وفاقی حکومت کے نصاب میں یہ مسنگ ہے۔ سندھ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے اپنا نیا نصاب 21 ویں صدی لرننگ اسکل کے رہنمائی میں بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا یہ سندھ حکومت کا نصاب وفاقی حکومت کے نصاب سے بہتر اور جدید ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایات کی کہ وہ سندھ اور وفاقی حکومتوں کے بنائے ہوئے نصاب کا موازنہ کریں۔ جو چیزیں وفاقی حکومت کے نصاب میں بہتر ہو انکو اپنانے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری لی جائے۔ سندھ حکومت نیا نصاب خود نوٹی فائی کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سعید غنی کو ہدایت کی کہ دونوں نصابوں کا موازنہ کرکے تفصیلی رپورٹ دی جائے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی، مشیر مرتضیٰ وہاب، سیکریٹریز اسکول اور کالجز ایجوکیشن ، محکمہ تعلیم کے ماہرین شریک ہوئے۔