Sunday, September 8, 2024

سندھ حکومت کا مدارس کی رجسٹریشن تیز کرنیکا فیصلہ، نو ہزار پانچ سو نوے مدارس میں سے تین ہزار ستاسی غیررجسٹرڈ

سندھ حکومت کا مدارس کی رجسٹریشن تیز کرنیکا فیصلہ، نو ہزار پانچ سو نوے مدارس میں سے تین ہزار ستاسی غیررجسٹرڈ
August 6, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ حکومت نے صوبے کے تمام مدارس کی رجسٹریشن تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سندھ کے نو ہزار پانچ سو نوے مدارس میں سے تین ہزار ستاسی غیر رجسٹرڈ ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں سید قائم علی شاہ کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ چند روز میں تمام مکاتب فکر کے علماء کا اجلاس بلا کر مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اتفاق رائے حاصل کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ تیار ہے بس وفاق کی گائیڈ لائن کا انتظار ہے، اس سے قبل سیکریٹری داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ مدارس کی محفوظ رجسٹریشن کے لیے قانون میں ترمیم کی جائے۔ دہشت گردی میں ملوث مدارس کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ سندھ میں مجموعی طور پر اڑتالیس مدارس کے دہشت گردوں سے تعلق کی نشاندہی ہوئی ہے۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چوبیس مدارس کراچی میں واقع ہیں۔ سندھ میں نو ہزار پانچ سو نوے مدارس ہیں جبکہ تین ہزار ستاسی غیررجسٹرڈ مدارس ہیں۔ ایک سو ستاسٹھ مدارس سیل کر دیئے گئے ہیں۔