Friday, April 26, 2024

سندھ حکومت کا سولہ مارچ سے تمام اسکول کھولنے کا فیصلہ برقرار

سندھ حکومت کا سولہ مارچ سے تمام اسکول کھولنے کا فیصلہ برقرار
March 11, 2020
 کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت کا سولہ مارچ سے تمام اسکول کھولنے کا فیصلہ برقرارہے۔ ادھر گلگت بلتستان میں ایک اور کرونا کیس سامنے آ گیا جس کے بعد وہاں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ملک میں کرونا کیسز کی تعداد انیس ہو گئی۔ سندھ حکومت نے کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ سینٹر بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ کرونا وائرس سے متعلق اجلاس کے بعد سعید غنی اور ناصر حسین شاہ نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا سولہ مارچ سے اسکولوں نے کھلنا ہے۔ ابتداء میں ہماری تیاری نہیں تھی۔ پہلی فہرست جو دی گئی اس میں پانچ سو افراد ایسے تھے جو سندھ آئے۔ تفتان بارڈر سے تیرہ ہزار سے زائد لوگ پاکستان میں داخل ہوئے۔ کورانٹین کا مرحلہ چودہ روز پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہی سوچ کر اسکولوں کی تعطیلات  چودہ روز کے لئے دی گئی تھیں۔ سعید غنی کا کہنا تھا اب تک جتنے مریض سامنے آئے ان کی ٹریول ہسٹری ہے۔ اب تک وائرس مقامی طور پر منتقل ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ایجوکیشن کی اسٹیرنگ کمیٹی کا آج اجلاس بھی ہوا۔ بیشتر نے اسکول کھولنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا 26 فروری کے مقابلے میں آج ہماری تیاری زیادہ ہے۔ کل کے اجلاس میں مزید فیصلہ کیا جائے گا۔ ابھی تک یہی فیصلہ برقرار ہے کہ اسکول سولہ مارچ کو کھلیں گے۔ قبل ازیں سندھ کے اسکولوں میں 10 سے 15 روز چھٹیاں بڑھانے کی تجویز دے دی گئی تھی۔ اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان میں چھٹیوں کے معاملے پر اختلاف بھی سامنے آئے لیکن اسٹیرنگ کمیٹی کے بیشتر ارکان نے چھٹیاں بڑھانے کی حمایت کر دی تھی۔ اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں میٹرک کے امتحانات آگے بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی تھی ۔ ارکان نے تجویز دی تھی کہ دس سے پندرہ روز کی چھٹیاں بڑھائی جانے چاہیے ۔ میٹرک امتحانات بھی دس سے پندرہ روز آگے بڑھانے چاہیے۔