Thursday, March 28, 2024

سندھ حکومت کا 20 لاکھ راشن بیگز غریبوں میں تقسیم کرنےکا فیصلہ ‏

سندھ حکومت کا 20 لاکھ راشن بیگز غریبوں میں تقسیم کرنےکا فیصلہ ‏
March 19, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے  پھیلاؤ کے پیش نظر  سندھ حکومت نے 20 لاکھ راشن بیگز غریبوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،  وزیر اعلیٰ سندھ سید  مرادعلی شاہ نے کہا کہ شہروں کی بندش سے غریب لوگ خوراک کی فکر میں مبتلا ہیں ۔

سندھ میں کورونا وائرس کے حملے جاری  ہیں ، کورونا وائرس کی صورتحال مزید تشویشناک  ہو گئی ہے ،  مزید 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق  ہوئی ہے ۔ صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 213 ہوگئی   ، کورونا وائرس سے متاثرہ 41 افراد کی سفری ہسٹری نہیں، جبکہ 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس بھی ہوا  جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو  سینٹر میں 10 ہزار بستروں کا فیلڈ اسپتال قائم کیا جائے گا  ، اور 20 لاکھ راشن بیگز بھی مستحق افراد میں تقسیم کیے جائیں گے  جبکہ کورونا ٹیسٹ کیلئے مشینری کے ساتھ تربیت یافتہ عملہ مقرر کیا جائے گا ۔

ایکسپوسنٹر میں اسپتال اور آئسولیشن سینٹر فوج کی معاونت سے بنایا جائے گا ۔۔ کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت کے نمائندوں کی ٹیم اسپتال کی نگرانی کرے گی  ، سندھ حکومت پہلے مرحلے میں مستحقین میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کرے گی ، کور کمانڈر نے بھی راشن بیگز کی تیاری اور تقسیم سمیت دیگر امور میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔