Tuesday, May 7, 2024

سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز خریدنے پر رضامندی ظاہر کر دی

سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز خریدنے پر رضامندی ظاہر کر دی
December 31, 2015
کراچی (92نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ صوبائی حکومت نے وفاق سے باقاعدہ مذاکرات کے لیے دو رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے نجکاری کمیشن کوخط کاجواب دے دیا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ خط میں سندھ نے پاکستان اسٹیل ملز خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے اور مطالبہ کیاگیاہے کہ نجکاری کمیشن اسٹیل ملز کے معاملے پر صوبائی حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرے۔ سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اسٹیل ملز کی نجکاری کے لیے شرائط و ضوابط سے آگاہ کرے۔ اسٹیل ملز کے واجبات اور قرضوں کی تفصیلات سندھ حکومت کو فراہم کی جائیں۔ ٹرم آف ریفرنس طے کرنے کے بعد سندھ حکومت کے ساتھ اسٹیل ملز کی خریداری کا معاہدہ طے کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے وفاق سے مذاکرات کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی میں وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا شامل ہیں۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وفاقی حکومت واضح کرے کہ وہ کن شرائط کے ساتھ پاکستان اسٹیل ملز سندھ حکومت کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کی مکمل نجکاری کے خلاف ہے۔ اسٹیل ملز کے ملازمین کو بھی کسی صورت نوکریوں سے فارغ کرنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے نجکاری کمیشن کے ذریعے سندھ کو پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کی پیش کش کی تھی۔