Friday, May 10, 2024

سندھ حکومت نے سینیٹ الیکشن کیس میں صدارتی ریفرنس کی مخالفت کر دی

سندھ حکومت نے سینیٹ الیکشن کیس میں صدارتی ریفرنس کی مخالفت کر دی
January 25, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت نے سینیٹ الیکشن کیس میں صدارتی ریفرنس کی مخالفت کر دی۔ جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔

سندھ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی مخالفت کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ سپریم کورٹ میں دائر صدارتی ریفرنس پر تحریری جواب میں صوبائی حکومت نے موقف اپنایا کہ صدارتی ریفرنس سیاسی مصلحت پر دائر کیا گیا اور ریفرنس میں کوئی قانونی سوال نہیں اٹھایا گیا۔

سندھ حکومت نے جواب میں تحریر کیا ہے کہ اوپن بیلٹ آئین کے منافی اور اظہار رائے کی آزادی کے خلاف ہے۔ آئین سینیٹ الیکشن کے حوالے سے واضح ہے  اور سینٹ کا الیکشن آئین کے تحت ہوتا ہے۔ الیکشن ایکٹ 2017 میں صرف سینیٹ انتخابات کا طریقہ کار واضح کیا گیا  اور سینیٹ انتخابات پر آئین کے آرٹیکل 226 کا اطلاق ہوتا ہے۔ سندھ حکومت کے جواب میں آرٹیکل 63 اے کا بھی حوالہ شامل ہے۔

پنجاب، خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی حکومت نے اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کی حمایت کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور جماعت اسلامی سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی مخالفت کر چکے ہیں۔ اپنے تحریری جواب میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اوپن بیلٹ کیلئے صرف قانون نہیں بلکہ آئین میں بھی ترامیم کرنا ہو گی۔ سینیٹ انتخابات کیسے کرانے ہیں اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنے دیا جائے۔