Friday, April 26, 2024

سندھ حکومت نے سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے سربراہ احمد چنائے کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

سندھ حکومت نے سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے سربراہ احمد چنائے کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
June 2, 2015
کراچی(92نیوز)حکومت سندھ نے سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے سربراہ احمد چنائے کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا ۔ نائنٹی ٹو نیوز ایک بار پھر بازی لے گیا یہ خبر سب سے پہلے چودہ مئی کو ہی بریک کردی تھی۔ تفصیلات کے مطابق  کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے کے مصداق حکومت سندھ نے ایک طویل انتظار کے بعد ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد شروع کرہی دیا۔ اورابتدا کی سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے کی برطرفی سے،جو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے معتمد خاص سمجھے جاتے ہیں۔ یہ ہی نہیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سی پی ایل سی کا دفتر گورنر ہاوس کی حدود سے سینٹرل پولیس آفس منتقل کرنے کا بھی اعلان کردیا۔ احمد چنائے پانچ سال دو ماہ تئیس دن بلاشرکت غیر سی پی ایل سی کے سربراہ رہے۔ حساس اداروں کی جانب سے احمد چنائے پر الزام تھا کہ وہ کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے حساس نوعیت کی معلومات لیک کررہے ہیں۔ حساس ادارے اس حوالے سے متعدد رپورٹس حکومت سندھ اور گورنر سندھ کو بھیج چکے ہیں، مگر ان کے خلاف معمولی سی کارروائی بھی عمل میں نہیں لائی گئی۔ جبکہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے حوالے سے بھی رینجرز ٹاسک فورس کو احمد چنائے سے شدید تحفظات تھے، اور اس سلسلے میں ان کے گھر پر چھاپہ بھی مارا جا چکا ہے۔ جس کے بعد بالآخر دو جون دو ہزار پندرہ کو اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی روشنی میں احمد چنائے کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا۔ سی پی ایل سی کے نئے سربراہ کے لیے زبیر حبیب کا نام زیر غور ہے ۔