Friday, May 17, 2024

سندھ حکومت نے جرمانے اور دیت کی رقم نہ ہونے پرقید بھگتنے والوں کی سن لی

سندھ حکومت نے جرمانے اور دیت کی رقم نہ ہونے پرقید بھگتنے والوں کی سن لی
January 3, 2020
کراچی (92 نیوز) جرمانے اور دیت کی رقم نہ ہونے کے سبب رہائی سے محروم قیدیوں کی سن لی گئی، سندھ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قیدیوں کے جرمانے کی ادائیگی کا فیصلہ کر لیا۔ پہلے مرحلے میں سندھ کی جیلوں سے 16 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ سندھ کی جیلوں میں سینکڑوں قیدی، سزا پوری ہونے کے باوجود رہائی سے محروم ہیں، وجہ قیدیوں کے پاس جرمانے اور دیت کی ادائیگی کے لیے رقم ہی نہیں۔ محکمہ انسانی حقوق سندھ نے صوبےکی جیلوں کا جائزہ لیاتو انکشاف ہواکہ قیدیوں پر ایک لاکھ سے تیس لاکھ تک جرمانے اور دیت واجب الادا ہے۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ انسانی حقوق کی رپورٹ پر وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے نوٹس لیا اور پینتیس کروڑ روپے قیدیوں کےجرمانے اور دیت کی ادائیگی کے لیے مختص کر دئیے گئے۔ پہلے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، گھوٹکی اور لاڑکانہ کی جیلوں سے 16 قیدیوں کو 3 کروڑ روپے کی ادائیگی پر رہائی دلائی جائے گی۔