Friday, April 26, 2024

سندھ حکومت میں چور اور ڈاکو بیٹھے ہیں ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

سندھ حکومت میں چور اور ڈاکو بیٹھے ہیں ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
July 15, 2020
 پشاور (92 نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پیپلزپارٹی کےخلاف جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہا سندھ حکومت میں چور اور ڈاکو بیٹھے ہیں۔ 15 سال سے کوئی میگا پراجیکٹ نہیں لگایا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا ادارے بدحالی کا شکار ہیں۔ گندم چوہے کھا جاتے ہیں۔ دعا ہے انکی حرام کمائی بھی چوہے کھا جائیں۔ محمود خان نے پیپلزپارٹی کو بی آر ٹی، بلین ٹری سونامی اور مالم جبہ منصوبے میں کرپشن ثابت کرنے کا چیلنج بھی دے دیا۔ ادھر خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع نوشہرہ کے علاقہ جلوزئی میں اکنامک زون قائم کر دیا۔ 257 ایکڑ رقبے پر محیط اس اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کے لئے افتتاح سے قبل ہی تین سو پینسٹھ درخواستیں بھی موصول ہو گئیں۔ صوبائی حکومت کو اس اکنامک زون میں 6 ارب روپے کی سرمایہ کاری اور بلواسطہ یا بلاواسطہ روزگار کے پچاس ہزار مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ اکنامک زون کا افتتاح وزیراعلٰی محمود خان نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلٰی محمود خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باوجود ترقی کا سفر جاری ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جائے گا۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ منصوبے سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا۔ پن بجلی، صنعت، ہائوسنگ اور تعمیرات کے شعبے اس وقت صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔