Friday, April 26, 2024

سندھ حکومت میٹرک امتحانات میں بوٹی مافیا کے سامنے بے بس ‏

سندھ حکومت میٹرک امتحانات میں بوٹی مافیا کے سامنے بے بس ‏
April 6, 2019

کراچی ( 92 نیوز) سندھ حکومت میٹرک امتحانات میں بوٹی مافیا کے سامنے بے بس ہو گئی ۔

سندھ میں  امتحانات  سے قبل ہی پرچے آؤٹ ہونا معمول بن گیا ، مختلف شہروں میں آج بھی پرچے وقت سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئے، امیدواروں کی جانب سے کتابوں اور واٹس ایپ کے ذریعے  پرچے حل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سندھ بھر میں بوٹی مافیا بے لگام ہونے کے باعث محکمہ تعلیم کی کار کردگی پر سوالیہ نشان لگ گئے ، امتحانی سنٹرز میں اساتذہ کی موجودگی میں  امیدواروں کی جانب سے کتابوں اور موبائل فون کے ذریعے  نقل کا سلسلہ  دھڑلے کے ساتھ جاری ہے۔

سکھر ،گھوٹکیاور  نوشہرو فیروز میں دسویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ  وقت سے  قبل ہی آؤٹ ہو کر  بوٹی مافیا کی جانب سے بنائے گئے واٹس ایپ گروپوں میں شیئر ہوگیا۔

شکارپورمیں  ہونے والا نویں جماعت کا کیمسٹری کا  پرچہ بھی  وقت سے قبل آؤٹ ہوگیا ۔  دادو میں   طلبہ امتحانی مراکز میں سرعام  نقل   کرتے رہے، پولیس اور انتظامیہ خود اپنی موجودگی میں امیدواروں  کو نقل کرانے میں مدد فراہم کرتی رہی۔

نقل روکنے کیلئے امتحانی مراکز سے باہر  تعینات پولیس کے جوان محض دکھاوے کیلئے ہی تعینات کیے گئے تھے۔

شہر قائد میں بھی نقل کا بازار گرم رہا ، چیئرمین میٹرک بورڈ سعید الدین نے  سرجانی ٹاؤن میں  امتحانی سنٹر کا اچانک دورہ کیا جہاں  انتظامیہ کی جانب سے رولز کی خلاف ورزی  کرتے ہوئے  ایک سیٹ پر  دو طلبا کو ایک ساتھ  بٹھایا گیا۔

طلبا با آسانی ایک دوسرے کی نقل کرکے پرچہ حل کرتے رہے ، چھاپے کے دوران طلبا کے پاس سے نقل کا مواد بھی بر آمد ہوا۔

دوسری جانب نقل کیلئے واٹس استعمال ہونے والے  واٹس ایپ گروپ میں بھارتی فون نمبر کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

واٹس ایپ گروپ کراچی، سکھر، لاڑکانہ میں نقل کیلئے استعمال ہو رہے ہیں جن میں  سیکڑوں طلبا شامل  ہیں۔