Wednesday, April 24, 2024

سندھ حکومت مون سون اسپیل کے دوران مکمل ناکام

سندھ حکومت مون سون اسپیل کے دوران مکمل ناکام
July 28, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے تدارک کی کامیابی کا کریڈٹ لینے والی سندھ حکومت  مون سون اسپیل کے دوران مکمل ناکام ہوگئی ، مسائلستان بنے کراچی کے شہری پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے نمائندوں کی بیڈ گورننس کے سیلاب میں رل گئے جانی ومالی نقصان ہوا مگر صوبے کےچیف ایگزیکٹو کہیں دکھائی نہیں دیے ۔

کراچی حکمرانوں کی نااہلی کے سمندر میں ڈوب گیا لیکن حکومت سندھ منظر سے ہی غائب رہی ، افسران اوروزراء صرف زبانی جمع خرچ میں ہی مصروف ،اور وزیراعلیٰ سندھ اس مرتبہ نظر ہی نہیں آئے ۔

کراچی میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران شہر کا ہر علاقہ ہی مسائلستان بنا رہا  اور شہریوں کے گھروں سمیت دیگر املاک کا نقصان ہوا، لیکن وزیراعلی مرادعلی شاہ کسی علاقے کے دورے پر نہ نکلے، نہ ہی افسران سے باز پرس کی ۔

سندھ کے وڈے سائیں کورونا کے دنوں میں بھی ایس اوپی کے تحت کئی شہروں کے دورے کرچکے،ماضی میں بھی بارش کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے لیکن اس مرتبہ اپنی ہی روایت توڑ دی ۔

کراچی کے شہریوں نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کی غیرحاضری کو آڑے ہاتھوں لیا ،شہریوں کا کہنا ہے وزیراعلی سندھ شہر کا دورہ کرتے تو صورتحال اپنی آنکھوں سے دیکھتے ۔